آج ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
باغی ٹی وی : یوم دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی ہوئی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ائر وائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ 6 سمتبر کو پاک فوج کے جوانوں نے جوان مردی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ ہماری قوم کو پاک فوج کی اعلیٰ کارکردگی پر فخر ہے اور ہم وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کے ممنون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو قومی سلامتی کو سب سے بڑا خطرہ درپیش ہوا تھا اور ہماری فوج نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی گئی جس میں ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے جان کی بازی لگا کر دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ائر وائس مارشل نے کہا کہ ہماری قوم کو اعتماد ہے کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ 6 ستمبر ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔
نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں بھی یاد گار شہدا پر یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ جس میں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی مہمان خصوصی تھے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔نیول چیف ایڈمرل ظفر محمودعباسی نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارض پاک پر ناپاک نگاہ ڈالنے والوں کو نشان عبرت بنانے کا عزم لئے قوم آج یوم دفاع ملی جوش جذبے سے منائے گی، ازلی دشمن کو اوقات میں رہنے کا پیغام بھی پہنچائے گی، دن کا آغاز صوبائی دارالحکومتوں میں 21.21 اور وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔
یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن بہادرمسلح افواج کی جرأت و قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے۔ 55 سال قبل مسلح افواج اور غیور قوم نےدنیا پر ثابت کیا، ہم ہر قیمت مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا۔ جذبہ، ولولہ اور جرأت و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے