اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت کی ملاقات ہوئی ، عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ عمران خان پر امید ہیں تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی۔اس موقع پر عامر لیاقت نے کہا کہ میرے کپتان دل وجان سے عزیز ہیں میں ان کوکیسے چھوڑ سکتا ہوں
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے حوالے سے عامر لیاقت نے بتایا ملاقات میں ملک وقوم کے حوالے سے بہت باتیں ہوئیں ، وزیر اعظم سے دوستی پہلے سےتھی ختم نہیں ہوئی
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ابھی ووٹ کا فیصلہ نہیں ہوا، عمران خان پُراُمید ہیں تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، جو ہونے والا ہے وہ نہیں ہونے والا اور جو نہیں ہونے والا وہ ہونے والا ہے۔
اس دوران وزیر اعظم سے ارکان قومی اسمبلی عالیہ حمزہ اورسائرہ بانو کی بھی ملاقات ہوئی ، جس میں وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اورمعاون خصوصی عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں 27مارچ جلسےکی تیاریوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیاگیا اور اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی ارکان سے رابطوں پر بریفنگ دی گئی۔