عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں،آئی جی پنجاب

0
51

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت لاہور پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہوا.اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام اور عاشورہ محرم کے سکیورٹی انتظامات بارے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کرائم کنٹرول بارے میں حکمت عملی سے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر نے عاشورہ محرم کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ لاہور میں عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ محرم الحرام کے لیے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہر میں داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ عاشورہ کے جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ خواتین اور بچوں پر تشدد اور ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا جائے۔ جینڈر کرائم سیل کو ازسر نو تشکیل دیکر فعال بنایا جایے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ فورس میں شامل خواتین اہلکاروں و افسران کو بھی فیلڈ میں موقع دیا جائے
شہریوں کے ساتھ بدسلوکی ناقابل برداشت ہے،پولیس اہلکاروں اور افسران کے رویے میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ اوورسیز پاکستانیوں اور معصوم شہریوں کے املاک پر قبضہ کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ شہر میں سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، منظم گینگز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مقدمات کی پیروی کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کو تفتیشی افسران مکمل تعاون کریں۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے شرکت کی. آپریشنز اور انویسٹی گیشن کے ایس ایس پیز تمام ڈویژنل ایس پیز اور لاہور پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Leave a reply