حافظ عبدالسلام بن محمد رضائے الہی سے وفات پاگئے

0
33
حافظ عبدالسلام بھٹوی

پاکستان کے معروف و جید عالم دین، مفسر قرآن اور شیخ الحدیث حافظ عبدالسلام بن محمد رضائے الہی سے وفات پاگئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

ان کی نماز جنازہ 30 مئی بروز منگل صبح 9 بجے مرکز طیبہ مریدکے میں ادا کی جائے گی۔ وہ گزشتہ تقریبا چار سال سے قید میں تھے۔ سوموار کی سہ پہر دوران اسیری اچانک انہیں دل کی شدید تکلیف ہوئی جس پر وہ 78 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

حافظ عبدالسلام بن محمد قیام پاکستان سے ایک سال قبل 27 اگست 1946ء میں گوہڑ چک، پتوکی ضلع قصور میں پیدا ہوئے۔ آپ کا گاؤں بھٹہ محبت ہے، جو تحصیل دیپالپور میں واقع ہے۔ اسی نسبت سے آپ بھٹوی کہلاتے تھے۔ آپ کے والد حافظ محمد ابو القاسم بھٹوی بھی جید عالم دین تھے۔ حافظ عبدالسلام بن محمد 50 سال سے زیادہ عرصہ تدریس سے وابستہ رہے۔ وہ جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ کے بانی مدیر تھے۔ حافظ عبدالسلام بن محمد نے میٹرک اور حفظ القرآن کے بعد دینی تعلیم جامعہ محمدیہ اوکاڑہ اور جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے مکمل کی۔ آپ فاضل عربی، فاضل فارسی اور فاضلِ طب جدید نظریہ مفرد اعضاءکی سند رکھتے تھے۔ حافظ عبدالسلام بن محمد نے تدریس کی ابتدا جامعہ محمد یہ گوجرانوالہ سے کی۔ آپ 1966ء سے 1992ء تک ستائیس سال جامعہ محمدیہ سے وابستہ رہے۔ اس دوران ایک سال جامعہ تدریس القرآن والحدیث (موجودہ جامعہ سلفیہ اسلام آباد) میں بھی درس و تدریس کی۔ 1992ء میں مستقل طور پر مرکز طیبہ مرید کے، شیخو پورہ منتقل ہوگئے اور جامعہ الدعوة الاسلامیہ کی بنیاد رکھی۔آپ اس جامعہ کے بانی مدیر ہیں اور یہاں سے فارغ التحصیل ہزاروں طلبہ کے استاد تھے، جن میں متعدد معروف علمائے کرام بھی شامل ہیں۔ آپ قرآن مجید کا آسان فہم اردو ترجمہ کرنے کے علاوہ تفسیر القرآن الکریم کے نام سے چار جلدوں پر مشتمل قرآن مجید کی تفسیر بھی لکھ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ فتح السلام کے نام سے صحیح بخاری کی تین جلدیں منظر عام پر آچکی ہیں جبکہ مزید پر کام جاری تھا۔ معروف تالیفات اور تراجم میں شرح کتاب الجامع من بلوغ المرام، شرح کتاب الطہارہ من بلوغ المرام، مقالات طیبہ، احکام زکوة و عشر، ترجمہ اسلامی عقیدہ، ترجمہ حصن المسلم، مسلمانوں کو کافر قرار دینے کا فتنہ، مسلمانوں میں ہندوانہ رسوم و رواج، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں اور ایک دین چار مذاہب جیسی تالیفات شامل ہیں۔ سوگواران میں 4 بیٹے 1 بیٹی اور 2 بیویاں شامل ہیں۔ شیخ الحدیث حافظ عبدالسلام بن محمد کی وفات پر پروفیسر حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ، مفتی عبدالرحمن عابد، مفتی محمد یوسف طیبی، مولانا یوسف کشمیری، ابوالہاشم ربانی اور حافظ خالد ولید سمیت تمام مکاتب فکر کے مختلف دینی رہنماؤں، علمائے کرام اور شیوخ الحدیث نے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Leave a reply