عبدالستار ایدھی کی آٹھویں برسی، صدر مملکت کی جانب سے خراج عقیدت پیش

edhi01

صدر مملکت آصف علی زرداری نےعبدالستار ایدھی کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے

صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی پاکستان اور انسانیت کیلئے بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،عبدالستار ایدھی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی انسان دوست شخصیت تھے،عبدالستار ایدھی نے سماجی خدمات کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ،ایدھی نے نسل، مذہب، سماجی حیثیت سمیت تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی ،عبدالستار ایدھی نے بے لوث لگن سے ملک بھر میں ہسپتالوں، یتیم خانے، پناہ گاہوں اور بحالی کے مراکز کی بنیاد رکھی ، اللہ تعالیٰ عبدالستار ایدھی کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے، آمین

واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما اور بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی آج آٹھویں برسی منائی جارہی ہے،عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزاری ملک کے مختلف شہروں میں عبد الستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جارہی ہے.ایدھی ہومز میں رہنے والے بچوں کا کہنا کہ رنگ ونسل،عقیدے اور مذہب سے بالاتر، انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد جیسے ان کے سروں سے باپ کا سایہ ہی اٹھ گیا ہو،

عبدالستار ایدھی کی ایمبولینس سروس آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروسز میں سے ایک ہے جو فلاحی کاموں کے لئے استعمال ہوتی ہے، ایدھی نے ہمیشہ یتیموں کی پرورش اور لاوارثوں کی کفالت کی،ایدھی کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا

عبدالستار ایدھی ایک سوچ اور ایک راستہ ہیں،بلاول
پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی برسی پر پیغام جاری کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے عبدالستار ایدھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت ہیش کیا ہے اور کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا استعارہ ہیں عبدالستار ایدھی ایک سوچ اور ایک راستہ ہیں ایدھی صاحب نے ثابت کیا، خلوص و خدمت سب سے زیادہ طاقتور اور لازوال ہوتے ہیں ایدھی صاحب نے ہمیں سکھایا کہ بہترین زندگی اپنے آپ کو ایک کاز کے لیے وقف کرنے کا نام ہے

عبدالستار ایدھی انسانیت کی بے مثال خدمت کی بدولت آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں، ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عبدالستار ایدھی کی برسی پر مرحوم عبد الستار ایدھی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مرحوم عبدالستار ایدھی نے دکھی انسانیت کیلئے بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت عظیم کام ہے،عبدالستار ایدھی نے دہائیوں تک دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے، عبدالستار ایدھی لاتعداد بے سہاروں کا سہارا بنے،ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ کے تربیت یافتہ بے سہارا بچے آج ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،عبدالستار ایدھی انسانیت کی بے مثال خدمت کی بدولت آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں،

Comments are closed.