کائرو:بس اورٹرک میں ہولناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق مصر کے صوبے مونوفیا میں ہائی وے پر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق بس سادات سٹی میں فیکٹری ملازم کو لے کر روانہ ہورہی تھی، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔
مصری حکام کےمطابق اس حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں سادات سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔مصر کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں ہر سال ہزاروں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جس کی وجہ تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو قرار دیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق مصر میں 2018 میں حادثات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 1.8 بلین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ رواں سال اگست میں مصر میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے،جبکہ جون میں ٹریفک حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے تھے۔