پہلے احتساب، اصلاحات پھر انتخابات، خرم نواز گنڈاپور

باغی ٹی وی (ویب نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پہلے احتساب، اصلاحات اور پھر انتخابات کروائے جائیں ورنہ سیاسی، معاشی بحران میں مزید شدت آئے گی۔ معیشت کو ٹریک پر لانے کیلئے، احتساب، اصلاحات اور بین الاقوامی معاہدات کے ازسرنو جائزہ کیلئے دو اڑھائی سال کیلئے ٹیکنوکریٹ کی حکومت لانے میں حرج نہیں، اس وقت سیاسی عدم برداشت اپنی انتہاؤں کو چُھو رہا ہے۔ اس ماحول میں الیکشن کروانے کا مطلب تصادم کروانا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 2013ء میں احتساب اور اصلاحات کا قومی ایجنڈا پیش کیا تھا، اگر اُس وقت بات مان لی جاتی تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔
انہوں نے کہا کہ زیر تفتیش کرپٹ ”بزرگ سیاسی قیادت“ سے نجات کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صاف شفاف الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کا آئین میں دیئے گئے آرٹیکلز کے مطابق مضبوط ہونا ضروری ہے۔ اس وقت الیکشن کمیشن بھی مضبوط نہیں، الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کرکے ریورس ہو گیا۔ ایسے کمزور الیکشن کمیشن سے ملک گیر شفاف انتخابات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد جو حکومت قائم ہوئی اس کا ایجنڈا صرف اپنے کرپشن کیسز سے نجات تھا وہ پورا ہو گیا۔ اب انہیں بھی مزید ملک چلانے اور سنبھالنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

Leave a reply