قومی اسمبلی میں پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف، قرارداد منظور

0
45

اسلام آباد:قومی اسمبلی نے پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت اجلاس میں قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے پیش کی۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اپنے خون کانذرانہ پیش کرنیوالی افواج کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں، قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑی ہے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے،ایوان غیر متزلزل اعتماد کایقین دلاتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی دھڑا پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے، مہم چلانے والوں کیخلاف ریاست اورحکومت اپنا اختیاراستعمال کرے اور دشمن کےعزائم کی تکمیل میں معاون ثابت ہونے والے عناصر کوعبرت کانشان بنایا جائے۔

ادھر دوسری طرف پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے طلبہ و طالبات نے اسلام آباد میں واک کی۔ طلبا نے مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

 

راولپنڈی اور اسلام آباد کے اسکولوں کے طلبہ اور طالبات پاک فوج سے یکجہتی کے لئے میدان میں آگئے۔ شرکا کے ہاتھوں میں بینرز ان کے دلی جذبات کے عکاس تھے۔ انہوں نے زبان سے بھی سیکورٹی فورسز سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

واک میں شریک چھوٹے بڑے طلبا نے وطن کی سلامتی اور تحفظ پر فوجی جوانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف پانچ منٹ واک کی ہے اور ہمیں بہت گرمی لگی ہے لیکن فوجی جوان روز صرف ہمارے لئے بہت دیر تک واک کرتے ہیں۔

طلبہ طالبات کا کہنا تھا پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ پوری قوم کی طرح ہم بھی ہر قسم کے حالات میں اس کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔

Leave a reply