ایشیائی ترقیاتی بینک اہم مقصد کے لیے کتنی رقم دینے جارہا

باغی ٹی وی ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے تین کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، یہ رقم معاشی استحکام اور توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے استعمال کی جائے گی۔

اے ڈی بی ایک پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر دے گا جس سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔

پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں گی جن کا مقصد گردشی قرض کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنا، سبسڈی کے ناکافی نظام کو بہتر بنانا اور پیداواری لاگت کم کرنے پر توجہ دینا ہو گا۔

اس منصوبے کا مقصد بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں میں تیزی سے کمی لانا اور پہلے سے جمع شدہ قرض ختم کرنے کے لیے پالیسی تیار کرنا ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر کے سنگین مسئلے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئےایک ارب ڈالر کی منظوری دیدی گئی ہے جس سے پاکستان کی معیشیت مستحکم ہو گی۔

مزید برآں ایک ارب ڈالر سے پاکستان کا بیرونی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا اور پاکستان میں غریب افراد کے لیے فنڈز بھی بڑھا دیئے گئے ہیں، رقم خصوصی پالیسی قرض کے تحت دی جا رہی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کیں جس پر رقم معاشی استحکام کیلئے فراہم کی گئی ہے۔

Shares: