سیلاب زدہ بلوچستان کی ترجمان کو تیز میک اپ کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پر تنقید کا سامنا

آفت زدہ بلوچستان کی ترجمان پر تیز میک اپ اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس پر تنقید

ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کو گہرے میک اپ اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے اور لوگوں کا بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہورہا ہے۔

سیلابی ریلوں میں بہہ کر 110 سے زائد لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے اور المناک واقعات پیش آرہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کی صورتحال غیر اطمینان بخش ہے۔

اس صورتحال میں ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپنے صوبے کی صورتحال پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی تو سوشل میڈیا صارفین نے کوئٹہ کی بجائے وفاقی دارالحکومت میں موجودگی پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

فرح شاہ نے پریس کانفرنس سادہ انداز کی بجائے اس تیاری سے کی جیسے وہ کسی تقریب میں شرکت کررہی ہوں۔ اس پر ناقدین نے ان پر کڑی نکتہ چینی کی۔

دوسری جانب فرح عظیم شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سوشل میڈیا کی جنگ کو بند کر دیں، ہم جلد سوشل میڈیا پہ بھی کام کریں گے ، میں گزشتہ تین دن سے سو نہیں سکی کیونکہ مجھے اپنے لوگوں کی مشکل میں ان کے ساتھ رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کو چھوڑ دیں، میڈیا بھی تصویر کے دونوں رخ دکھائے، ہم اپنے عوام کے غلام ہیں ان کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔


صارفین کا کہنا تھا کہ فرح عظیم شاہ کی تیاریاں دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کو سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کا کتنا زیادہ دکھ ہے۔

Comments are closed.