قندوز: افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی، 16 فوجی ہلاک، کئی کو یرغمال بنا لیا،اطلاعات کےمطابق افغان طالبان پرامریکہ کی طرف سے حملے کے بعد افغان طالبان کے افغان فوج پر حملے میں 16 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے جب کہ کئی فوجیوں کو طالبان نے یرغمال بھی بنا لیا۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں فورسز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16 فوجی ہلاک ہوگئے۔افغان فورسز کی جانب سے بھی طالبان کے حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے افغان حکومت پر حملوں کے دوبارہ آغاز کرنے کے اعلان کے بعد سے ملک بھر میں حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔دوسری جانب افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغان فورسز نے قندوز، تخار شاہراہ، اکبر خان، قلبراس گاؤں میں طالبان کا حملہ پسپاکیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق افغان فورسز کی کارروائی میں 3 طالبان جنگجو ہلاک، 4 زخمی اور ایک گرفتار ہوا۔افغان حکام نے کارروائی میں طالبان ملٹری کمیشن چیف مولوی بشیر کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ادھر ترجمان گورنر اروزگان کا کہنا ہے افغان صوبے اورزگان میں طالبان کے حملے میں افغان نیشنل پولیس کے 6 افسر ہلاک ہوئے جب کہ ضلع ترنکوت میں طالبان کے حملے میں 8 افسران زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں طالبان کے 8 جنگجو مارے گئے اور 4 زخمی بھی ہوئے۔








