اسلام آباد:افغانستان کی آریانا ایئرلائنز کی کابل سے اسلام آباد کیلئے پروازوں کا آغاز:کرایہ کتنا ہوگا یہ بھی اعلان ہوگیا ،اطلاعات کے مطابق افغانستان کی سرکاری آریانا ایئرلائنز نے کابل سے اسلام آباد کے لیے ہفتے میں دوپروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق آریانا نے رواں ہفتے دبئی کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کردی تھیں اور اب کابل سے اسلام آباد کے لیے پیر اورجمعرات کو ہفتے میں دو پروازیں شروع کرے گی۔
اریانا ائیر لائن نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے کابل اور مغربی شہر ہرات، افغانستان کے شمال میں واقع مزار شریف اور جنوب میں واقع قندھار کی پروازیں دوبارہ بحال کردی ہیں۔بیان میں کہا گیا تھا کہ’اریانا افغان ائیر لائنز کو مقامی پروازوں کی بحالی پر فخر ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سرکاری ایئرلائن کا کابل سے کرایہ 400 ڈالر اور اسلام آباد سے 100 ڈالر ہوگا۔اس سے قبل افغانستان کی ایئرلائن کام ایئر نے بھی پروازیں شروع کی تھیں، جس کی کابل اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں 5 پروازیں ہیں۔
نجی ایئر لائن کام ایئر نے رواں ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد کے لیے ہفتےمیں 5 پروازیں شروع کی تھی اور اس کے ساتھ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بتدریج بحال ہورہا ہے۔
آریانا ایئرلائنز نے اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں اور یہ کسی طالبان وزیر کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔








