افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نصب بارودی مواد کے دھماکے سے ایک شخص ہلاک،2 افراد زخمی ہوگئے۔
باغی ٹی وی :کابل پولیس کے مطابق دھماکا پولیس ڈسٹرکٹ میں آج صبح کیا گیا جس میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔دھماکے سے متعلق مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔کسی بھی گروپ نے ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ابھی چند ایک روز پہلے صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے حکمنامے پر دستخط کردیے۔
افغان میڈیا کے مطابق انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز 16 اگست سے دوحا میں ہوگا، طالبان کے ترجمان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کردی۔
اُدھر افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے صدارتی حکمنامے پر دستخط کردیے ۔ اس سے پہلے اشرف غنی نے ان قیدیوں کو خطرناک ترین قرار دے کر رہا کرنے سے انکار کیا تھا
دوسری طرف امریکی نمائندۂ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان امن مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ افغان طالبان کے ساتھ اس کا تاریخی امن معاہدہ اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ افغانستان میں امریکی فورسز کے پانچ اڈے ختم کر دیے گئے ہیں۔