اسلام آباد:مرزا شہزاد اکبر کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کون؟اہم نام سامنے آگیا،اطلاعات کے مطابق قانون دان شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کے بعد ایک اہم اور بڑے ہی متحرک شخص کو معاون خصوصی احتساب بنائے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کی جگہ نئے ناموں کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بریگیڈئر (ر) مصدق عباسی کو معاون خصوصی احتساب بنائے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی سابق ڈی جی نیب رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 24 جنوری کو سابق مشیر برائے احتساب اور داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔شہزاد اکبر کی جانب سے استعفیٰ دینے کا یہ اعلان پیر کے روز ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا۔
ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔ میں مخلصانہ امید رکھتا ہوں کہ احتساب کا عمل وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق جاری رہے گا۔ وہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے اور بحیثیت قانون دان اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یونیورسٹی آف لندن کے گریجویٹ اور پیشے کے لحاظ سے قانون دان شہزاد اکبر اگست 2020 سے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اس سے قبل وہ معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بنائے گئے ’ایسٹ ریکوری یونٹ‘ کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔
حکومت کا حصہ بننے سے بیرسٹر شہزاد اکبر، قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی پروسیکیوٹر کی حیثیت سے بھی کام کرتے رہے ہیں۔