امریکہ کے بعد برطانیہ میں پولیس اہلکاروں کا سیاہ فام شخص پر بہیمانہ تشدد

0
45

لندن:امریکہ کے بعد برطانیہ میں پولیس اہلکاروں کا سیاہ فام شخص پر بہیمانہ تشدد،اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں پولیس اہلکاروں نے ایک سڑک پر سیاہ فام شخص کو گھیرے میں لے کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شہر ساؤتھ لندن اسٹریٹ میں 8 پولیس اہلکاروں نے سیاہ فام شخص کو گھیرے میں لے کر اس پر لاتوں اور مکوں کی برسات کردی، میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 26 جون کو لندن کے کروڈن کے علاقے ویلسلی روڈ پر سیاہ فام شخص کو فرش پر باندھ دیا گیا تھا اور قریب آٹھ پولیس اہلکار اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

میٹروپولیٹن پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات درج کرلی گئی ہیں اور فوٹیج میں موجود ہر افسر کے اس اقدام کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔

 

برطانوی پولیس اہلکاروں کے اس رویے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے اسے ہیش ٹیگ بلیک لائیو میٹر (بی ایل ایم) کے تحت شیئر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں پولیس اہلکار کی جانب سے سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے، 46 سالہ افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلائیڈ کے گلے پر پولیس اہلکار 9 منٹ تک گھٹنا رکھ کر بیٹھا رہا تھا جس کے سبب وہ ہلاک ہوگیا تھا۔

مذکورہ واقعے کے خلاف برطانوی شہریوں نے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اب برطانوی پولیس کے اس اقدام پر شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Leave a reply