ایک قوم بننے کے لیے ہمیں تفرقے سے بچنا چاہیے، صدرمملکت

باغی ٹی وی :صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ ایک قوم بننے کے لیے ہمیں تفرقے سے بچنا چاہیے۔

ایوان صدر اسلام آباد میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ ماضی میں ایران اورعراق کو لڑوایا جاتا رہا،۔ مسلمان نااتفاقی کے باعث پہلے ہی تاریخ میں بہت نقصانات اٹھاچکے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں اللہ کی رسی کو مضبو طی سے تھامے رکھنا چاہیے۔ بعض مذہبی رہنما جذبات میں آکر ایسی باتیں کر جاتے ہیں جن سے نفرتیں بڑھتی ہیں۔ علما و مشائخ کے تعاون سے کورونا وبا کے دوران بھی مساجد کھلی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے قرار دیا ہے کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی، انتہا پسندی ، قتل و غارت گری اسلام کے منافی ہے۔

کانفرنس میں ملک بھر سے دو سو سے زائد علما و مشائخ ،اسلامی اور یورپی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے جاری کیا۔

کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ اپنی ذاتی اور مذہبی زندگی گزار سکتے ہیں۔ مقدسات اسلام کی توہین کرنے والوں کا کسی مکتب فکر سے کوئی تعلق نہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کے لیے موثر کردار ادا کریں۔

Shares: