اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں ہو گا۔

باغی ٹی وی : او آئی سی کا غیر معمولی ایگزیکٹو اجلاس آج 22 اگست کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں طلب کیا گیا ہے جس میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گااجلاس سعودی عرب کی درخواست پر منعقد کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین سے ٹیلی فونک رابطے پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے سفیروں اور مستقل نمائندوں کا اجلاس ہو گا۔

ہفتہ کو دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گاانہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغان جماعتیں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے کام کریں گی۔

شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ مصروف رہے جس میں ملکی معیشت، تعمیر نو، بحالی اور انسانی ضروریات کو سپورٹ کرنا شامل ہے-

Shares: