کراچی والوں کےلئے بڑی خبر، عدالت نے گجر اور اورنگی نالے پر قائم لیز مکانات نہ توڑنے کا حکم دے دیا

کراچی : عدالت نے نالہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات توڑنے پر حکم امتناعی میں توسیع کردی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ جب تک مقدمات زیر سماعت ہیں تب تک نالوں کے گرد لیز مکانات نہ توڑیں جائیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل میں تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات کو مسمار کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے محکمہ انسداد تجاوزات کو تجاوزات کی آڑ میں مزید لیز مکانات مسمار کرنے سے روکنے کےحکم امتناع میں توسیع کردی۔اینٹی انکرو چمنٹ ٹریبونل نے کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اداروں کی جانب سے جوابات جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے آئندہ پر ریکارڈ سمیت پیش ہونے کے احکامات جاری کردیے۔
عدالت نے گجر نالے پر نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا بلاک فائیو اور دیگر گھروں کو مسمار کرنے سے روک رکھا ہے، ٹریبونل نے کے ایم سی انیٹی انکروچمنٹ ،ڈپٹی کمشنر اور دیگر سے 29 اپریل کو جواب جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ گجر نالے پر سندھ کچی آبادی، کے ڈی اے اور کے ایم سی نے گھروں کو لیز جاری کی تھی ، گلبرگ ایف بی ایریا، نارتھ ناظم کوثر نیازی کالونی میں مکانات لیز ہیں، تجاوزات کی آڑ میں متعلقہ ادارے لیز مکانات کو بھی توڑ رہے ہیں انہیں روکا جائے۔
عدالتی فیصلےسے گجر اور اورنگی نالے کےمکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے ہمارے سروں کی چھت برقرار رکھی آج ہم خوش ہیں۔

Comments are closed.