الحمراء میں بلوچ کلچر ڈے کا انعقاد کل ہوگا،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

الحمراء آرٹس کونسل ملک بھر میں امن و سلامتی،پیار و محبت،بھائی چارے و قومی یکجہتی کی فضاء پروان چڑھانے کے لئے گاہے بگاہے تمام علاقائی ثقافتوں کا اجاگر کرنے کے لئے اپنی احسن کاوشیں کرتا رہتا ہے۔بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بھی لاہور آرٹس کونسل الحمراء اپنی درخشاں روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے شاندار پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ڈاکٹر اسلم ڈوگر نے کہاکہ پروگرام کا مقصدصوبائی ہم آہنگی کا فروغ اورنئی نسل کو اعلی روایات سے روشناس کر وانا ہے،بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچی وسیب،بلوچی طرز زندگی،علاقائی رقص،لوک گیت پیش کئے جائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ زندہ دلانِ لاہور کو بلوچی تہذیب وثقافت،رسوم و رواج و اقدار دیکھنے کا مو قع ملے گا،علاقائی آرٹسٹوں و گلوکاروں کا الحمرا ء کے پلیٹ فارم پر خیر مقدم کیا جائے گا،الحمراء ملک بھر کی ثقافتوں کی میزبانی کا اعزاز رکھتا ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے پروگرام کی تیار ی کے حوالے سے بتایا کہ اس موقع پر نامور بلوچ گلوکار اختر چنال کا گایا ہوا گانا بھی ریلیز کیا جائے گاجسکی تیار پر ڈیرھ ماہ کی بھرپور محنت کی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو بے حد پسند آئے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ الحمراء کے اس اقدام سے احسن ثقافتی رویوں کو تقویت ملے گی،یہ پروگرام اہل لاہور کے لئے تحفہ ہے،ملکی یکجہتی کا باعث ہوگا،بلوچی کلچر کے منفرد رنگ پیش کئے جائیں گے۔ واضح رہے پروگرام میں مختلف سیگمنٹ کو شاندار طریقے سے سجایا گیا ہے دیکھنے والوں کو یہ پروگرام مدتوں یاد رہے گا۔یہ پروگرام مورخہ 02مارچ 2021بروز منگل سہ پہر 4بجے الحمراء ہال نمبر ایک میں منعقد ہوگا۔

Comments are closed.