المصطفیٰ کے مختلف میڈیکل سینٹرزمیں طویل عرصہ سے کورونا کی تشخیص کیلئے فری ٹیسٹ جاری
المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ترجمان اورسیکریٹری اطلاعات معین خان کے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیاہے کہ المصطفیٰ کے مختلف میڈیکل سینٹرزمیں طویل عرصہ سے کورونا کی تشخیص کیلئے فری ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال،ملیر،شاہ فیصل کالونی اوراورنگی ٹاؤن میں فری ویکسی نیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
انہوںنے کہاکہ المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب،صدرڈاکٹرعبدالرحیم اورجنرل سیکریٹری احمد رضا طیب بذات خوداِس پروگرام کی نگرانی کررہے ہیں،روزانہ تقریباً800افراداِن سہولیات سے فائدہ اُٹھارہے ہیں۔کورونا کی مختلف اقسام نے جو پریشان کن صورت حال پیداکررہی ہے وہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے،صرف سرکاری ادارے اورہسپتال اس صورت حال سے نہیں نمٹ سکتے اس لیے غیر سرکاری سماجی ادارے اس سلسلے میں اپنا بھر پورکرداراداکررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی بلاتخصیص رنگ ونسل انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے کوروناکے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر المصطفیٰ کی کوششیں جاری ہیں۔انہوںنے عوام سے اپیل کہ وہ مذکورہ سہولیات سے المصطفیٰ کے کسی بھی سینٹر زسے استفادہ کرسکتے ہیں،تمام ٹیسٹ اورویکسی نیشن وزارت صحت حکومت سندھ کے تعاون سے کی جارہی ہیں ۔