عمران خان کی گرفتاری،علیمہ خان پارٹی کی قیادت کریں گی،نجی ٹی وی کے ذرائع کا دعوٰی
چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم کی گرفتاری پر پارٹی قیادت اب علیمہ خان کے پاس جانے کی اطلاعات ہیں۔
باغی ٹی وی: اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پارٹی کے امور اب چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان چلائیں گی ،اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتار ی کے بعد پارٹی کی قیادت وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی چلائیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی غیر موجودگی میں شاہ محمود قریشی پارٹی امور کی سربراہی کریں گے،اسد قیصر، شہریار آفریدی، فردوس شمیم نقوی، علی محمد خان ساتھ ہوں گے شاہ محمود اور کورکمیٹی کا وکلا کے ہمراہ پہلا ٹاسک پارٹی چیئرمین کی رہائی ہوگا۔ ایک ہفتے قبل عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا، 14 اگست سے انتخابات کے لیے سیاسی جدوجہد کو شاہ محمود قریشی لیڈ کریں گے۔
عمران خان کی گرفتاری: شاہ محمود قریشی پارٹی کو لیڈ کریں گے
شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بلالیا ہے،اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ پارٹی امور میں معاونت کریں گے۔انتخابات سےمتعلق پی ڈی ایم اتحاد سے شاہ محمود قریشی مذاکرات کریں گے جس میں عامر ڈوگر ، قاسم سوری، مراد سعید اور عالمگیر خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو عدالتی فیصلے کے بعد گرفتار کر لیا گیاہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتاری کے بعد لاہور سے اسلام آباد ہیلی کاپٹر کے زریعے لے جایا جانا تھا، تاہم ائرپورٹ پہنچنے پر معلوم ہوا کہ موسم خراب ہے، جس کے بعد پولیس انہیں براستہ سڑک اسلام آباد لے کر روانہ ہوئی، جہاں انہیں اڈیالہ جیل میں قید کیا جائے گا چیئرمین پی ٹی آئی کو پمز اسپتال پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کا طبی معائنہ کیاجائےگا، طبی معائنے کے بعد انہیں جیل منتقل کیا جائے گا۔
عمران خان کی گرفتاری پر بلاول بھٹو کا تبصرہ،مخالف جماعتوں میں مٹھائیاں تقسیم
دوسری جانب راولپنڈی سینٹرل جیل اڈیالہ انتظامیہ نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے،جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کی سڑکوں پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں ہائی سکیورٹی زون کے لاک اپ میں رکھا جائے گا۔