الخدمت نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور کراچی کی بہتری کے لیے کام کیا ہے،حافظ نعیم الرحمن

0
61

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ میں 13 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے سوائے اعلانات، دعوئوں اور وعدوں کے کچھ نہیں کیا ۔ وفاقی حکومت کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اہل کراچی وفاقی و صوبائی حکومتوں سے خیرات نہیں بلکہ اپناحق مانگتے ہیں ۔
جماعت اسلامی اور الخدمت نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور کراچی کی بہتری کے لیے کام کیا ہے ۔بلدیہ عظمی کراچی کے پاس وسائل نہ ہونے کے سبب الخدمت کے ساتھ اسپرے مہم کا آغاز کیا گیا ،کے ایم سی کے سابق ایڈمنسٹریٹر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے الخدمت کے ساتھ اشتراک کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت اور بلدیہ عظمیٰ کے تحت شہر بھر میں جراثیم کُش اسپرے مہم کے 5ویں روز تین بڑے سب ڈویژن ملیر ، شاہ فیصل کالونی اور ماڈل کالونی میں جمعہ کے روز ملیر کینٹ میں اسپرے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔
۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ایک خاص مائنڈ سیٹ کے مطابق کام کر رہی ہے اور اختیارات دینے کی بجائے کراچی پر اپنا قبضہ جمانا چاہتی ہے۔
سندھ حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ تین کروڑ کی آبادی والے شہر کی بلدیہ کے پاس صفائی ،ستھرائی کے حوالے سے وسائل اور ضروری سامان موجود نہیں ہے۔ بلدیہ کا عملہ موجود ہے لیکن وسائل کا نہ ہونا المیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے گزشتہ سال بھی کراچی میں بڑے پیمانے پر جراثیم کُش اسپرے کیا اور کراچی کی مساجد ہی نہیں ، گرجا گھروں ، مندروں اور گوردواروں سمیت ہر جگہ اور ہر علاقے میںپر بلا تفریق اسپرے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بے شمار مسائل ہیں اور کوئی حل نہیں کر رہا کوئی بھی جماعت کراچی کو اون کرنے پر تیار نہیں ہے۔صرف جماعت اسلامی کراچی کو اون کرتی ہے اور ہم نے ہمیشہ کراچی کے لیے آگے بڑھ کر خدمات انجام دی ہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے۔ماضی میں بھی ایسا ہی کیا گیا اور اہل کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی اور حق تلفی کی گئی جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ الخدمت اور بلدیہ عظمی کے تعاون سے تین بڑے ڈویژن کے لیے اسپرے مہم کے لیے ایک درجن سے زائد گاڑیاں روانہ کی گئیں۔ کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی موثر انتظامات موجود نہیں ہیں۔

Leave a reply