اسلام آباد:کرونا وائرس سے بچاو کی حفاظتی تدابیر : اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے 3 ہفتے کیلئے بند،اطلاعات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کے حکم کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر میڈیکل کالجوں سمیت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے 3 ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، یونیورسٹیاں اور ووکیشنل سینٹر 3 ہفتے کے لیے بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں نوٹیفکیشن میں نجی اور سرکاری کیئرسینٹرز، اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ادھر مذہبی مدارس کی تنظیم المدارس پاکستان کے مرکزی صدر اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کورونا وائرس کے سبب اہلسنت پاکستان کے تمام مدارس اور جامعات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے جن میں سے زیادہ تر مریضوں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔

Shares: