سرگودھا : مایوسی گناہ ہے ، اولاد ، بیٹے ،بیٹیاں اللہ ہی دیتے ہیں ، اللہ جو کرتے ہیں بہتر کرتے ہیں، اطلاعات کے مطابق پنجاب کے ضلع سرگودھا میں ایک خاندان کے ہاں خوشیوں کا چھکا لگا ہے، خاتون نے نجی ہسپتال میں ایک دو ، تین ، چار ، پانچ نہیں بلکہ ایک ساتھ چھ بچوں کو جنم دے دیا، اہل خانہ چھ بچوں کی پیدائش پر خوشی سے نہال ہیں۔

ذرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقے پھلروان کی رہائشی خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ نجی ہسپتال میں چھ بچوں کی پیدائش سے خاتون کے اہل خانہ خوشی سے نہال ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق خوش نصیب جوڑے کی شادی کو سات سال ہو چکے تھے تاہم ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی اور پورا خاندان ان کے ہاں بچوں کی پیدائش کے لیے دعا گو تھا۔

ذرائع کے مطابق پیدا ہونے والوں بچوں میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ بچوں کی پیدائش کے بعد پورے اہل خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاندان کے لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے اور مبارکباد دیتے رہے۔تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں اور انھیں کچھ گھنٹے ہسپتال میں رکھنے کے بعد اسپتال سے چھٹی بھی دیدی گئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق سرگودھا میں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے اس سے قبل اسی ہسپتال میں ایک خاتون نے ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔

Shares: