علامہ باقر عباس زیدی: یوم علی علیہ السلام کے موقع پر پوری قوم پرسہ پیش کرے گی۔
کراچی; مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ عزاداری ہماری شناخت اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ کورونا کی آڑ میں ملت تشیع کو ان کے مراسم عزا سے روک لے گا تو وہ قطعی مغالطے میں ہے۔ ملت جعفریہ نے اب تک حفاظتی انتظامات مجتہدین کے فتویٰ، ماہرین ڈاکٹرز کے کہنے کے مطابق عمل کیا ہے آئندہ بھی کریں گے اور اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنا گوارہ نہیں۔انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کرتے مجالس و جلوس کے انعقاد کا مکمل حق حاصل ہے۔ یوم علی علیہ السلام کے موقع پر پوری قوم پرسہ پیش کرے گی۔ اس مسئلے پر پنجاب حکومت ملت تشیع کا ساتھ دینے پر آمادہ نظر آتی ہے تاہم سندھ حکومت کا پس و پیش ان کی بدنیتی کو آشکار کررہا ہے۔سندھ حکومت کا وفاق سے اختلافات کا نزلہ ہم اپنے اوپر نہیں گرنے دیں گے۔سندھ حکومت کو چاہئیے کہ وہ ملت تشیع کو نشانہ بنانے کی بجائے وفاق سے اپنے تنازعات حل کرے۔انہوں نے کہا ملت تشیع نے مشکل کی ہر گھڑی میں زمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہم نے ناصرف طبی ہدایات پر سختی سے عمل کیا بلکہ لاک ڈاؤن کے دوران معاشی مشکلات کے شکار ہزاروں گھرانوں میں راشن تقسیم کر کے ایک باہمت اور محب وطن قوم ہونے کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے احتیاط تدابیر سے مشروط کر کیلاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔اگر ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہر فردکو باہر نکلنے کی اجازت دی جا رہی ہے تو ملت و تشیع کو جلوس سے روکنے کا کیا جواز بنتا ہے۔سندھ حکومت کے ایسے کسی بھی یکطرفہ فیصلے کو قطعی قبول نہیں کیا جائے گا جس میں ملت تشیع کے قائدین کی مشاورت شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کورونا کے نام پر خوف و ہراس پھیلا کر دوسرے کی مذہبی آزادی کو سلب نہ کیا جائے۔ گزشتہ تین ماہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد کا دیگر اموات سے موازنہ کریں تو حیران کن نتائج سامنے آئیں گے۔ملک بھر میں عام بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد کورونا کی نسبت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سندھ بھر میں یوم علی ع کے پروگرام اپنے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ بھرپور انداز سے منعقد کیے جائیں گے۔