بڑھتی مایوسی،بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اپنا کماؤ پروگرام انتہائی اہم ہے،قاری یعقوب شیخ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ "صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ”مہم کے تحت ملک بھر سے نوجوان رجسٹریشن کروا رہے ہیں،بڑھتی مایوسی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اپنا کماؤ پروگرام انتہائی اہم ہے،نوجوانوں کی تربیت کر کے انہیں مفت ہنر فراہم کرنا مرکزی مسلم لیگ کے منشور خدمت کی سیاست کا عملی نمونہ ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلسنت والجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا علامہ احمد لدھیانوی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا،علامہ احمد لدھیانوی نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا،ملاقات کے موقع پر رابطہ علماء و مشائخ پاکستان کے سیکرٹری سید عبدالوحید شاہ اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ اقدامات، اور غزہ پر اسرائیلی حملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.
قاری محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ تحریک جاری رکھ کر قوم کو متحد وبیدار کرے گی. پاکستان مرکزی مسلم لیگ یکم مئی سے "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ” مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ملک بھر میں 50 ہزار سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہیں، اس مہم کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل کورسز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ہنر مند بن کر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔علامہ احمد لدھیانوی نے مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل روزگار پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو خودمختار بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔








