اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ یہ یکجہتی کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے-
باغی ٹی وی: انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت بڑھانے میں پاکستان کا قصور نہیں لیکن پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دنیا آگے آئےاور پاکستان کی مدد کرے سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان تیس ارب ڈالرز کا ہوگیا ہے اور یہ مسلسل بڑھ رہا ہے-
عالمی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ مشکل میں پاکستان کا ہاتھ تھامے ، انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ یکجہتی کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے خاص طور پر وہ ملک جنہوں نے درجہ حرارت بڑھا کر زمین کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فطرت کے خلاف جنگ کی، فطرت نے تباہ کن انداز میں پلٹ کر ہم پر وار کیا لیکن زیادہ نقصان اسے پہنچایا جس کا قصور نہیں آج جہاں پاکستان کھڑا ہے کل وہاں آپ کا ملک ہوسکتا ہے، ہمیں اسے روکنا ہوگا اور فوری روکنا ہو گا۔
اقوام متحدہ کےسکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قرضوں کی واپسی میں پاکستان کی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ابتدائی نقصان تیس ارب ڈالرز ہوچکا ہے، جو آگے جا کر مزید بڑھ سکتا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم ہاؤس میں آمد پر یواین سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہوں،پاکستان سے شناسائی طویل عرصے سے ہے پاکستان اوراس کےعوام میرے دل کے قریب ہیں، پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں-
انہوں نے کہا تھا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کے ساتھ مزاحمت کی جاسکتی ہے،پاکستان میں پاک فوج ،متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہیں،پاکستان وہ ملک ہے جس نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے پاکستان میرے دل کے قریب ہے ، متاثرین کے لیے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں-
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بھرپور مدد کریں سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،متاثرین کو ریلیف فراہمی کےلیے تمام ادارے مل کر کام کررہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے،اقوام متحدہ پاکستان کی اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی