ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی سمندر پار عسکری کارروائیوں کی ذمہ دار’فیلق القدس’ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے عراق میں تنظیم کے مالیاتی نیٹ ورک غیرمعمولی تبدیلیاں شروع کی ہیں۔ یہ تبدیلیاں مالیاتی نیٹ ورک کے علاوہ ‘مقامات مقدسہ کی تعمیر ومرمت’ کی ذمہ دار کمیٹی کی قیادت میں بھی کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل قاسم کی طرف سے ‘فیلق القدس’میں کی جانے والی تبدیلیوں کا مقصد عراق میں ایرانی اثرو نفوذ میں اضافہ کرنا ہے۔ ایران ‘فیلق القدس’ کو امریکا کی طرف سے عاید کی جانے والی پابندیوں کو غیر موثر بنانے کے لیے استعمال کررہاہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی ماتحت ‘فارس’ نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی نے دو سینیر پاسداران انقلاب افسران کو’فیلق القدس’ میں تعینات کیا۔ دونوں کا تعلق جنوبی ایران کے ضلع کرمان سے ہے۔
نئی تبدیلیوں کے ضمن میں کرمان کے سابق میئر محمد جلال مآب کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ انہیں عراق میں مقامات مقدسہ کی تعمیرو مرمت کی ذمہ دار کمیٹی کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کے سابق ڈائریکٹرحسن بُلارک کو عراق میں تنظیم کے مالیاتی نیٹ ورک میں معاون خصوصی اور مشیر مقرر کیا گیا ہے۔