آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع

لاہور ۔ 29 جولائی(اے پی پی ) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے مزید 11 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی، احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے فواد حسن فواد کو دوبارہ 9 اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالتی سماعت کے موقع پرفواد حسن فواد کو کیمپ جیل لاہور سے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے فواد حسن فواد کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے ،ریفرنس کے مطابق فواد حسن فواد کے 4 ارب 56 کروڑ 51 لاکھ 26 ہزار 904 روپے کے اثاثہ جات ہیں ، راولپنڈی 15 منزلہ لگژی شاپنگ مال، حیدر روڈ پلاٹ اور قرضہ جات پر انٹرسٹ شامل ہیں ،فواد حسن فواد نے جہانگیر صدیقی گروپ کے بنک سے 3 ارب 45 کروڑ کا قرض ظاہر کیا، فواد حسن فواد کی ایف بی آر ریکارڈ کے مطابق فیملی سیونگ 2 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار 822 روپے ہے ،فواد حسن فواد نیب کے روبرو 3 ارب 47 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار 822روپے کی وضاحت دے سکے، فواد حسن فواد نیب کو 1 ارب 8 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار 172 روپے سے متعلق وضاحت نہیں دے سکے ۔

Shares: