چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے طاہرجاوید کی سربراہی میں امریکن ڈیموکریٹس پارٹی کے 8رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔امریکی وفد نے محمد صادق سنجرانی کو دوبارہ ایوان بالا کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اقوام عالم میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر امریکی وفد نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے جس سے عوام کے نہ صرف مسائل حل ہونگے بلکہ ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا اور پاکستان اور امریکہ کے تعلقات وقت کے ساتھ زیادہ مستحکم ہو رہے ہیں۔ وفد نے کہا کہ نئی امریکی قیادت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مربوط بنانا چاہتی ہے۔ وفد نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا متحدہ عرب امارت کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی سابق وزیر خزانہ شیخ حمدان بن راشد کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفر ت اور درجات کی بلندی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شیخ حمدان بن راشدپاکستان کے سچے دوست اور خیر خواہ تھے اور یو اے ای کی ترقی میں شیخ حمدان بن راشد کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام دکھ کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور اُن کے خاندان کے دیگر افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں

Shares: