موبائل فون سروس کھلوانے کے لیے پولیس کو بار بار تنگ کرنے والی امریکی خاتون کو گرفتارکرلیا گیا ، اہم پیش رفت
اوہایو: موبائل فون سروس کھلوانے کے لیے پولیس کو بار بار تنگ کرنے والی امریکی خاتون کو گرفتارکرلیا گیا ، اہم پیش رفت ،اطلاعات کےمطابق گزشتہ ہفتے امریکی ریاست اوہایو میں ایک 36 سالہ خاتون، سلونی کھیترپال کو گرفتار کرلیا گیا کیونکہ وہ اپنے گھر کی لینڈ لائن سے بار بار پولیس ایمرجنسی 911 کو کال کرکے یہ کہے جا رہی تھیں کہ ان کے والدین نے ان کی موبائل فون سروس بند کروادی ہے جو ایک سنگین مسئلہ ہے لہذا پولیس کو ان کی مدد کےلیے فوراً پہنچنا چاہیے۔
اوہایو پولیس بھی اس بارے میں مکمل خاموش ہے کہ آخر سلونی کھیترپال کے والدین نے ان کی موبائل فون سروس کیوں بند کروائی۔ البتہ اتنا ضرور بتایا ہے کہ وہ بار بار پولیس ایمرجنسی نمبر پر فون کرکے وہاں موجود اہلکاروں سے کہہ رہی تھیں کہ پولیس ان کے گھر آئے اور ان کی موبائل فون سروس بحال کروائے۔
ہیلپ لائن پر موجود اہلکاروں نے جب ان پر واضح کیا کہ والدین کی جانب سے موبائل فون سروس بند کروانا ان کا گھریلو معاملہ ہے جس میں پولیس کوئی دخل اندازی نہیں کرسکتی، تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ والدین کی جانب سے بند کروایا گیا موبائل فون نمبر پیشہ ورانہ طور پر ان کے استعمال میں ہے جس کے بند ہوجانے کے بعد سے وہ کام نہیں کر پارہی ہیں۔ لہذا ان کے معاملے کو قابلِ دخل اندازی پولیس قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے۔
پولیس کےلیے یہ دلیل کافی نہ تھی اس لیے ان سے معذرت کرلی گئی لیکن انہوں نے بار بار اپنی لینڈ لائن سے فون کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران وہ نہ صرف کئی بار شدید غصے میں آگئیں بلکہ محکمہ پولیس کو بہت برا بھلا بھی کہا۔
سلونی کی بار بار فون کالز اور بدتمیزیوں سے تنگ آکر پولیس نے انہیں ’’عوامی خدمت کے کاموں میں خلل ڈالنے‘‘ کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ مقامی عدالت نے 2500 ڈالر کے عوض انہیں ضمانت دے دی ہے مگر ان کے خلاف مقدمہ ابھی جاری ہے جس کی اگلی سماعت 27 فروری کو ہوگی۔