امریکی پابندی کے پیش نظر ترکی اسلحہ کےفاضل پرزہ جات جمع کرنے لگا،جانیے تفصیل میں
ترک حکومت واشنگٹن کی طرف سے ممکنہ پابندیوں سے بچنے کے لیے امریکی ہتھیاروں اور بڑے پیمانے اسلحہ کے فاضل پرزہ جات ذخیرہ کرنا شروع کر دیے ہیں۔
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ‘بلومبرگ’ کی ویب سائٹ پر اس حوالے سے شائع ایک تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکی اہم نوعیت کے امریکی اسلحہ کے اسپیئر پارٹس ذخیرہ کر رہا ہے۔ یہ اس لیے کہ اگر امریکی کانگرس انقرہ پر امریکی اسلحہ کی خریداری پر پابندی عاید کرتی ہے تو ترکی کے پاس اس اسلحہ کے اسپیئر پارٹس کی کوئی کمی نہ رہے۔ ترکی کو خدشہ ہے کہ اگر اس نے روس سے اس کے فضائی دفاعی نظام ‘ایس 400′ خرید کرنے پر اصرار جاری رکھا تو اس کے نتیجے میں امریکا، انقرہ پراسلحہ کی پابندیاں عاید کر سکتا ہے۔ روسی ساختہ دفاعی نظام’ایس 400’ پچھلے سال کے آخر سے ترکی اور امریکا کے درمیان وجہ نزاع بنا ہوا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ترکی نے اسلحہ کے لئے فاضل پرزہ جات کا ذخیرہ کب سے شروع کیا ہے مگر ترک حکام کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا نے 2018ء میں ترکی کو دھمکی دی تھی کہ روس سے اس کا فضائی دفاعی نظام’ایس 400 ‘ خریدنے باز رہے اور اس کے بدلے میں امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل خریدے ورنہ اس پر پابندیاں عاید کی جائیں گی۔
اس سے قبل ترک وزیر واضح کر چکے کہ “امریکہ کے پابندیوں کے حوالے سے اقدامات قوانین کے منافی ہیں، ہم اس ملک کے مؤقف کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔”امریکی دھمکیوں پر بھی اپنے جائزے پیش کرتے ہوئے جناب چاوش اولو نے بتایا کہ “چاہے یہ جس قسم کی بھی پابندیوں کا فیصلہ کیوں نہ کریں ہم ایس۔400 خرید چکے ہیں، اس معاملے میں قدم پیچھے ہٹانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ “