بالی وڈ کے معروف اداکار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ” کہلانے والے عامر خان نے کہا ہے کہ وہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ مل کر فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس حوالے سے وہ ایک اچھے اور مناسب اسکرپٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، عامر خان نے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ ایک مشترکہ فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ عامر خان نے بتایا کہ یہ بات چیت تقریباً چھ ماہ پہلے ہوئی تھی اور اب انہیں بس ایک اچھے اسکرپٹ کا انتظار ہے تاکہ اس منصوبے کو حقیقت میں تبدیل کیا جا سکے۔عامر خان نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی اس بات پر متفق ہیں کہ تینوں مل کر فلم کریں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد ہی عملی صورت اختیار کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق، عامر خان کا کہنا تھا کہ "یہ آئیڈیا میں نے پیش کیا تھا۔ میں نے کہا تھا کہ اگر ہم تینوں ایک ساتھ فلم نہ کر پائے تو یہ بہت افسوس کی بات ہوگی۔” ان کا خیال ہے کہ تینوں خانز کا ساتھ مل کر کام کرنا نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے ایک خاص تجربہ ہوگا بلکہ یہ بالی وڈ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان بالی وڈ کے تین بڑے اداکار ہیں، اور ان کی مشترکہ فلم کی خبر مداحوں کے لیے ایک خوشی کی بات ہوگی۔ ان تینوں کا ایک ساتھ کام کرنا بالی وڈ کے شائقین کے لیے ایک خواب کی طرح ہے، اور اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ یہ خواب حقیقت میں بدلتا ہے یا نہیں۔اس وقت تینوں خانز اپنی مختلف پروجیکٹس میں مصروف ہیں، لیکن اگر یہ منصوبہ حقیقت میں سامنے آتا ہے تو بالی وڈ کی تاریخ میں یہ ایک بڑا ایونٹ ثابت ہو سکتا ہے۔