بھارتی اداکار عامر خان نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر فلموں کی ریلیز پر پریشانی کا اظہار کیا ہے کیونکہ ریاست مہاراشٹر سمیت ملک بھر میں سینیما گھروں کو کورونا وائرس کے باعث بند کیا گیا ہے جس سے فلم انڈسٹری کو کافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ کچھ فلمیں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ریلیز ہورہی ہیں، جس پر مجھے تشویش ہے عامر خان کی جانب سے ان خیالات کا اظہار ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایپ کے ذریعے اداکار اجے دیوگن اور سدھارتھ ملہوترا کی فلمیں ریلیز ہوئیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ حالات جلد بہتر ہوں گے، جبکہ انھوں نے حالات کی بہتری میں پیچیدگیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ کچھ عوامل ہیں جنھیں زیر غور لایا جانا ہے۔

اداکار نے کہا مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں چیزوں میں بہتری آئے گی، سنیما کو کھولنے سے متعلق بات کرنا آسان نہیں ہے، یہ تب ہی کھل سکتے ہیں جب صحت کی صورتحال بہتر ہوں اور ہم بطور معاشرہ کورونا کی صورتحال پر قابو پائیں، ہم اس سے متعلق کوششیں کر رہے ہیں جیسے جیسے لوگوں کی ویکسی نیشن ہوتی جائے گی، حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب فلم ’لال سنگھ چڈا‘ کی شوٹنگ کئی بار معطلی کا شکار رہی۔ فلم دسمبر 2020ء میں ریلیز کی جانی تھی تاہم اب اسے رواں سال 24 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

Shares: