امیر عرب ملک میں بھی ٹیکس لگ گئے
عمان (مسقط۔نمائندہ باغی ٹی وی) تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال خلیجی ریاست سلطنت آف عمان میں حکومت نے کچھ نئے ٹیکسوں کو نافذ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OCCI) کے مطابق نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ 15 جون بروز ہفتہ سے نافذ العمل ہونے والے نئے قوانین کے تحت کاربونیٹڈ مشروبات پر 50 فیصد جبکہ تمباکو سگریٹ انرجی ڈرنکس اور الکوحل پر 100 فیصد ٹیکس صارفین کو ادا کرنا ہو گا۔
چند روز قبل عمان چیمبر آف کامرس کے چیئرمین نے کاروباری شخصیات سے ایک اہم ملاقات میں بتایا کہ مثال کے طور پر اگر کاربونیٹڈ مشروبات کی قیمت 150 پیسہ ہے تو 50 فیصد کے حساب سے نئی قیمت 225 پیسہ ہو جائے گی۔ جبکہ سگریٹ کا پیکٹ 1,200 سے بڑھ کر 2,400 عمانی ریال کا ہو جائے گا۔
یاد رہے ریاست اس سے پہلے ہی لیبر کارڈ کی تجدید، مختلف شعبہ جات کی رجسٹریشن، ٹریفک چالان، اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔