بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی حالیہ پوسٹ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی-
باغی ٹی وی :امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور وقتاً فوقتاً مداحوں سے رابطہ بھی قائم رکھتے ہوئے ان سے سوال جواب بھی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرتے ہیں جن سے مداح خوب محفوظ ہوتے ہیں اور اپنے پسندیدہ اداکار سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں تاہم اب ان کی حالیہ پوسٹ نے مداحوں کو فکر مند اور پریشان کردیا۔
امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ پوسٹ میں صرف اتنا لکھا کہ’طبی حالت‘، ’سرجری‘، بگ بی کے ان دو الفاظ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور وہ ان سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مختلف سوالات پوچھنے لگے۔
امیتابھ بچن کی پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہوا کہ ان کی کون سی سرجری ہونے جارہی ہے یا پھر وہ سرجری کرواچکے ہیں اور اب ان کی طبیعت سنبھل نہیں رہی لیجنڈی اداکار ، فیملی یا دوستوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا-
البتہ امیتابھ بچن نے انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے ہاتھ سے چہرے کو چھپا رکھا ہے تاہم کیپشن میں انہوں نے کچھ لکھنے کے بجائے صرف سوالیہ نشانات پوسٹ کیے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شاید ان کے چہرے کی کوئی سرجری ہوئی ہے۔
واضح رہے گزشتہ سال امیتابھ بچن سمیت بچن خاندان کے دیگر لوگ عالمگیر بیماری کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ گئے تھے جن میں ان کی بیٹا ابھیشیک ، بہو ایشوریا رائے اور پوتی ارادھیا بچن شامل ہیں-