ایمنسٹی انڈیا کی مقبوضہ کشمیر میں بلیک آوٹ کےخلاف مہم
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے لاک ڈاون اور انسانی بحران کو ہائی لائٹ کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا۔ ایمنسٹی انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بلیک آوٹ کےخلاف مہم #LetKashmirSpeak ’کشمیر کو بولنے دو‘ کے ہیش ٹیک کےساتھ ٹویٹ کیا ہے۔
ایمنسٹی انڈیا نے مقبوضہ کشمیرسے کمیونیکیشن لاک ڈاون فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مواصلاتی ذرائع پر پابندیاں کشمیریوں کی سول آزادی پر حملہ ہے۔یہ پابندیاں صرف مواصلاتی نظام کو نہیں بلکہ کشمیریوں کے دل اور دماغ کی آواز دبانے کے لیے ہیں۔
ایمنسٹی انڈیا کے مطابق ایک ماہ سے جاری پابندیاں اب مزید آگے نہیں بڑھنے دیں گے کیونکہ پابندیوں سے کشمیریوں کی زندگیوں ، جذبات ، ذہنی صلاحیتیں اور صحت متاثر ہو رہی ہے۔
ایمنسٹی نے مزید لکھا ہے کہ غیر معینہ مدت تک آزادی اظہار ، رائے اور تحریک سے پوری آبادی کو محروم کرنا اس خطے کو دوبارہ تاریک دور میں لے جانے کے مترادف ہے۔ ’نیا کشمیر‘کشمیریوں کے بغیر نہیں بنایا جاسکتا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا آج 32واں دن ہے۔ اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہو چکی ہے۔ جبکہ جان بچانے والی ادویات بھی میسر نہیں۔