امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں اور دیگر سفارتی عملے کی نقل و حرکت پرعائد پابندی 15 ماہ بعد ہٹا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2018میں پاکستانی سفارتی عملے کی نقل و حرکت پر لگائی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے اور وہ کہیں بھی جانے میں آزاد ہیں۔

امریکی حکومتی حکام نے باضابطہ طور پر پاکستانی دفترخارجہ اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتی حکام کو فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانےکے اہلکار اور ان کے گھر والے اس اقدام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

حکام کے مطابق پاکستان نے بھی امریکی سفارتی عملےکی نقل وحرکت پر پابندی ختم کی ہے اور دونوں ممالک سفارتی مشنز کو حائل رکاوٹیں ختم کرنےکی کوششوں کےلیے پرُعزم ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کو آزاد نقل و حرکت کی اجازت نہ دینے پر امریکا میں پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کی تھی۔

Shares: