امریکا عراق میں مزید فوج کیوں بھیجنے جا رہا
باغی ٹی وی :امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ پینٹاگان عراق میں حالیہ واقعات کے جواب میں 750 کے قریب اضافی فوجیوں کو "فوری” طور پر مشرق وسطی بھیجے گا۔ ایسپر نے یہ بات بدھ کے روز جاری ایک بیان میں بتائی۔
اس سے قبل ایک امریکی ذمے دار نے کہا تھا کہ امریکا نے اپنے 500 فوجی عراق کے پڑوسی ملک کویت بھیجے ہیں۔ایسپر نے مزید کہا کہ "یہ ایک احتیاطی تدبیر کا اقدام ہے ،،، جو امریکی افراد اور تنصیبات کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرے کا مناسب جواب ہے۔ اسی طرح کا خطرہ جو ہم نے منگل کے روز بغداد میں دیکھا”۔
اس سے قبل امریکی وزارت دفاع کے 3 ذمے داران نے امریکی چینل "فوكس نيوز” کو بتایا کہ امریکی فوج کے 82 ویں ایئربورن ڈویژن نے بغداد میں شورش کے بیچ اپنے 4000 فوجیوں کو کویت میں تعیناتی کے لیے تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جن میں سیکڑوں چھاتہ بردار شامل ہیں۔ یہ پیش رفت منگل کے روز بغداد میں ایران نواز ملیشیا کے سیکڑوں ارکان کی جانب سے امریکی سفارت خانے پر دھاوے کی کوشش کے بعد سامنے آئی ہے۔