امریکہ سے علاج بھی کروایا لیکن پاکستانی ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کیا، چودھری شجاعت
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کامیاب آپریشن ہوا ہے

چودھری شجاعت حسین نے ہسپتال سے گھر واپسی پر غیر رسمی گفتگو کی ہے، چودھری شجاعت حسین نے پاکستانی ڈاکٹروں کو اپنے پارکنسن کی ایک قسم اور بولنے میں مشکلات کے مرض کا کامیاب آپریشن کرنے پر مبارکباد دی ہے

پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم نے پروفیسر انوار اے خان، پروفیسر غیاث النبی طیب کی سربراہی میں صحیح تشخیص اور کامیاب آپریشن کیا .ڈاکٹروں کی ٹیم میں پروفیسر کامران چیمہ، پروفیسر نادر ظفر خان، پروفیسر نوید اسلم، پروفیسر ارشد تقی اور پروفیسر خورشد عالم شامل تھے چودھری شجاعت حسین کا دو گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا اور دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے

چودھری شجاعت حسین نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں طویل عرصہ اس مرض میں مبتلا رہا جس کا جرمنی، آسٹریا، انگلینڈ، فرانس اور امریکہ سے علاج بھی کروایا، ،آخر کار پاکستانی ڈاکٹروں نے ان کا کامیاب آپریشن کیا

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، چودھری صباحت الٰہی اور رانا خالد بھی موجود تھے

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتہائی قابل اور ماہر ڈاکٹر موجود ہیں جن کی تعریف نہیں کی جاتی ،ہم نے ہمیشہ پاکستانی ڈاکٹروں پر اعتماد کیا ہے چودھری پرویزالٰہی جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو دل کی تکلیف ہونے پر انہوں نے سٹنٹ بھی پاکستان سے ہی ڈلوائے تھے حالانکہ وہ بیرون ملک بھی جا سکتے تھے

Shares: