امریکی فوجی اڈے پرل ہاربر میں فائرنگ ، ہوئی ہلاکتیں
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی بحریہ کے فوجی نے جوائنٹ پرل ہاربر نیوی فوجی اڈے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
ریئر ایڈمرل چیڈوک کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ہلاک دونوں افراد محکمہ دفاع کے ملازم تھے جب کہ واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے فوجی نے خودکشی کر لی۔
امریکی حکام کی جانب سے اب تک نا محکمہ دفاع کے اہلکاروں کی شناخت واضح کی گئی ہے اور نا ہی خودکشی کرنے والے فوجی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
امریکی نیوی ترجمان کے مطابق پرل ہاربر نیوی اڈے پر حادثہ دوپہر ڈھائی بجے پیش آئی جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور تین گھنٹے کی مسلسل تحقیقات کے بعد بیس کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پرل ہاربر وہ مشہور فوجی اڈہ ہے جس پر 7 دسمبر 1941 کو جاپانی فضائیہ نے اچانک حملہ کیا تھا جس سے 8 امریکی بحری جہاز اور 188 طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اور 9 بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ 2403 امریکی فوجی اور 68 شہری ہلاک ہوئے تھے۔