امریکا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا، ہلاکتیں‌بڑھ گئیں

باغی ٹی وی : امریکا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا جس کے باعث اب تک مرنے والوں کی تعداد 33 ہوچکی ہے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوچکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بتایاکہ آگ کے باعث 13 ہزار مربع کلومیٹر رقبہ جل کر خاک ہو چکا ہے،

لاکھوں افرادبے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہیں۔دوسری جانب کچھ روز قبل امریکا کی ریاستوں کیلیفورنیا، اوریگن اور واشنگٹن میں جنگلات کو آگ لگانے میں مبینہ طور پر ملوث 4 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا۔فائر فائٹرز کو ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل ہے تاہم آگ بجھانے میں تاحال کامیابی نہیں مل سکی ۔ ہزاروں مکانات خاکستر ہوچکے ہیں اور درجنوں افراد لاپتا ہیں۔

اگست کے وسط سے لگنے والی اس آگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ 22 افراد کیلیفورنیا میں مارے گئے۔

سب سے 24 مقامات پر آگ، کیلیفورنیا میں لگی ہے جبکہ اس کے علاوہ واشنگٹن میں 15 مقامات، اوریگون میں 14 اور ایداہو میں 12 مقامات پر آگ لگی ہے جبکہ الاسکا، کورولاڈو، نیواڈا، نیو میکسیکو، اتاہ اور وائیو مینگ میں بھی مختلف مقامات پر آگ لگی۔

اوریگون میں جنگلات میں ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین آگ کی نذر ہو گئی اور یہ انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف جمعہ کو یہ 5 ہزار ایکڑ پھیلی۔

حکام نے ولامیٹ نیشنل فاریسٹ کے اراف میں واقع مرکزی سڑک بند کردی ہے اور انتہائی ضرورت کے بغیر بند سڑک کے اس پار جانے کی اجازت نہیں۔کیلیفورنیا میں دو درجن سے زائد مقامات پر آگ سے نبرد آزما حکام نے اُمید ظاہر کی ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں وہ جلد آگ پر قابو پا لیں گے۔

Shares: