حکومت حفیظ سنٹر لا ہور کے تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے تمام مراحل کا بیک وقت آغاز کرے‘ آل پاکستان انجمن تاجران
اسلام آباد۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہاہے کہ حفیظ سنٹر کے متاثرہ تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے پیچیدگیوں کو دور کر کے تمام مراحل کا بیک وقت آغاز کیا جائے۔بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آتشزدگی سے صرف تاجر ہی نہیں بلکہ دکانوں پرکام کرنے والے سینکڑوں ملازمین بھی بیروزگار ہو گئے ہیں، حکومت متاثرہ تاجروں اور ملازمین کیلئے امدادی پیکج سے فوری طور پر کچھ فنڈز جاری کرے انہوں نے کہا ک اگر ذمہ دار ادارے حفیظ سنٹر میں آگ سے بچا? کیلئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ انار کلی سمیت دیگر بازاروں اور تجارتی مراکز میں بجلی کی بے ہنگم اورلٹکی ہوئی تاریں ایسے ہی کسی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں لیکن مطالبات کے باوجود اس پر توجہ نہیں دی جارہی۔ تجاوزات کا مسئلہ بھی جوں کا توں ہے اور حادثات کے بعد یہی تجاوزات امدادی سر گرمیوں میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سمیت تمام تاجر تنظیموں نے حفیظ سنٹر کے تاجروں کیلئے آواز اٹھائی ہے۔