کورنا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد سنیما گھرکھولنے کا اعلان
بیجنگ:چین کا کورنا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد سنیما گھرکھولنے کا اعلان،اطلاعات کے مطابق چین نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے گزشتہ چھ ماہ سے بند سنیما گھر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی حکومت کی فلم سے متعلق امور کی انتظامیہ نے جمعرات کو ایسے علاقوں میں سنیما گھر کھولنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جہاں وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ کم ہوچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ان علاقوں میں 20 جولائی سے سنیما کھول دیے جائیں گے۔ تاہم جن علاقوں میں کورونا وبا سے متعلق متوسط یا انتہائی درجے کے خدشات ہیں ان میں سنیما گھر بدستور بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سنیما گھروں کو حکومتی قواعد و ضوابط پر لازمی عمل کرنا ہوگا ۔ سنیما آنے والوں کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازم ہوگا۔ سنیما حال میں صرف 30 فی صد نشستیں ہی پُر کرنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے پیشگی بکنگ کروانا ہوگی اور فلم بینوں کو اپنے ہمراہ کھانے پینے کی اشیا لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ چین نے مارچ سے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے کمی آنے کے بعد لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کا آغاز کردیا تھا جس کے بعد زیادہ تر ریستوران، شاپنگ مالز اور کلب بھی کھولنا شروع کردیے تھے۔
چین دنیا کی دوسری فلم مارکیٹ ہے اور کورونا وبا کے باعث عائد کی گئی پابندیوں کے نتیجے میں سنیما مالکان اور فلم سازوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ سنیما کھولنے کے حکومتی فیصلے کو چینی فلمی شائقین اور سنیما مالکان و فلم ساز حلقوں نے سراہا ہے۔