اسلام آباد:سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 54 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1481 ہوگئی ہے، زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سندھ میں 44، بلوچستان میں مزید 8 اور آزاد کشمیر میں 2 مزید افراد سیلاب سے جاں بحق ہوئے، سیلاب اور بارشوں سے مجموعی طور پر سب سے زيادہ 638 اموات سندھ میں ريکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں 278، خيبرپختونخوا میں 303، پنجاب میں 191، آزاد کشمیر میں 48 اور گلگت بلتستان میں 22 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔
دوسری جانب ملک بهر میں 11 لاکھ 85 ہزار 481 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا جبکہ 5 لاکھ 69 ہزار 800 گھر مکمل تباہ ہو ئے، 390 پل اور 12 ہزار 418 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئیں، ملک بھر میں 9 لاکھ 8 ہزار 137مويشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔
ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو ہونے والی بارش نے جل تھل کردیا۔ دو روز کے دوران کئی ملی میٹر بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کو بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔دوپہرکے وقت نیوکراچی، گلشن معمار، ناظم آباد، سعدی ٹاؤن، نارتھ کراچی میں بارش رپورٹ کی گئی۔سپرہائی وے، موسمیات، بفرزون، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔لیاقت آباد ،فیڈرل بی ایریا،ناظم آباد،گلزارہجری، بہادرآباد،طارق روڈ،شارع فیصل میں بھی بارش کا ہوئی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ 46 ملی میٹر بارش صدر میں ہوئی۔ ائیرپورٹ پر 34.2 ملی میٹر، یونی ورسٹی روڈ پر29.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گلشن حدید میں 27 ملی میٹر، فیصل بیس پر 26 ملی میٹر، مسرور بیس پر24ملی میٹر،قائد آباد میں 17.5 ملی میٹر،نارتھ کراچی میں 15.2 ملی میٹر،جناح ٹرمینل پر 14.4ملی میٹر بارش ہوئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانجو اور سوات کا دورہ کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا