لاہور: کپتان کے بعد کھلاڑی بھی اسی راستے پر:عبدالعلیم خان نے ذاتی خرچ پر اسپتالوں کی تزئین وآرائش کا اعلان کردیا،اطلاعات کے مطابق سینئروزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے ذاتی خرچ پر میو اور سروسز اسپتالوں کی ڈائلسزوارڈز کی تزئین وآرائش کرانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے پنجاب میں میو اور سروسز اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور ذاتی طور پر دونوں اسپتالوں کی ڈائلسزوارڈز کی تزئین وآرائش کا اعلان کردیا۔
سینئروزیر کا کہنا تھا کہ میو اور سروسز اسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائلسزوارڈز بنیں گے، عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن مریضوں کی سہولتوں کے اخراجات برداشت کرے گی، مریضوں کو ڈائلسز کی مفت سہولت پہنچائی جائیں گی۔
دورے کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ میو اور سروسز اسپتال میں ڈائلسز کی جدید مشینیں لگائی جائیں گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈائلسز وارڈز میں بیڈز اور دیگرسامان بھی نیا لگایا جائے گا۔
دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب کو دونوں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان نے بریفنگ دی۔ ڈائلسز وارڈز کے لیے سہولتیں پہنچانے پر عبدالعلیم خان سے انتظامیہ نے اظہار تشکر کیا۔