پاکستان دشمنوں کی ایک اورشرارت:گوادرمیں دستی بم حملے کے نتیجے میں قائداعظم کا مجسمہ منہدم

گوادر:پاکستان دشمنوں کی ایک اورشرارت:گوادرمیں دستی بم حملے کے نتیجے میں قائداعظم کا مجسمہ منہدم ،اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں شر پسندوں نے دستی بم حملے سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ تباہ کردیا۔’

گوادر میں قائم لیویز کنٹرول روم کے مطابق بانی پاکستان کا مجسمہ گوادر کی میرین ڈرائیو پر نصب تھا جس پر اتوار کی صبح نامعلوم شرپسندوں نے دستی بم سے حملہ کیا۔بم حملے کے نتیجے میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مجسمہ منہدم ہوگیا۔لیویز حکام کا کہنا تھا کہ دستی بم حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا جبکہ تاحال کسی بھی کالعدم تنظیم کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔گوادر سے ذرائع کے مطابق قائداعظم کا مجسمہ رواں برس اس مقام پر نصب کیا گیا تھا۔

 

 

دوسری جانب بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم کے مجسمے کی تباہی کونظریہ پاکستان پر حملہ قرار دیا۔ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ‘میں حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ مجرموں کو اسی طرح سزا دیں جس طرح ہم نے زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی پر حملہ کرنے والوں کو دی تھی’۔

یاد رہے کہ سال 2013 میں بلوچستان کے علاقے زیارت میں قائد اعظم محمد علی جناح کی آخری ایام میں استعمال ہونے والے ریسٹ ہاؤس زیارت ریزیڈنسی کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے پندرہ جون، 2013 میں بم حملوں سے راکھ کا ڈھیر بنا دیا تھا۔عمارت کو لگنے والی آگ اتنی شدید تھی کہ اسے بجھانے میں کئی گھنٹے لگے تھے، اس حملے میں یہ تاریخی عمارت نوے فیصد تباہ ہوگئی تھی۔

Comments are closed.