میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)اے ایس آئی کی ہلاکت کے بعد اینٹی کرپشن کا اکاؤنٹ آفس پر چھاپہ ،ریکارڈ قبضہ میں لے لیا
پانچ دن قبل اکاؤنٹ آفس کے کرپٹ افسران کی زیادتیوں کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہونے والے اے ایس آئی عاشق حسین کولاچی کے ورثاء کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے

اس سلسلے میں گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا قمر الدین کولاچی کی درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن افسران حرکت میں آگئے ہیں گزشتہ روز محکمہ اینٹی کرپشن کے سرکل افسر محمد رفیق نے گھوٹکی اکاؤنٹ آفس پر چھاپہ مار کر رکارڈ ضبط کر لیا اور بیس سے چالیس پرسنٹ کمیشن لینے والے افسران غلام سرور چاچڑ، آفاق بلوچ و سرفراز اعوان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں

یاد رہے کہ مرحوم عاشق حسین کولاچی ایک سال قبل ریٹائرڈ ہوئے تھے ایک سال تک اکاؤنٹ آفس کے کرپٹ افسران کی جانب سے ریٹائرڈ منٹ کی رقم نہ دینے پر پانچ دن قبل پریشانی کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد ورثاء سراپا احتجاج بن گئے ہیں

دوسری جانب سرکل افسر محمد رفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیشن جج گھوٹکی نے مرحوم عاشق حسین کولاچی کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں انکوائری کا حکم دیا ہے آج ہم نے تفتیش شروع کردی ہے بلا وجہ کمیشن کے چکر میں لوگوں کو تنگ کرنے والے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی

Shares: