ننکانہ صاحب: نمائندہ باغی ٹی وی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر کی عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لیے حکومتی سطح پر بھرپوراقدامات کیے جارہے ہیں،اینٹی سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت اب تک 88اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جاچکاہے جبکہ بقایا بھٹوں پر کام جاری ہے،اینٹی سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات چوہدری عبدالقیوم ودیگر متعلقہ محکمہ جات روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر میں چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کررہے ہیں، سموگ کنٹرول پروگرام ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کو سیل کیا جارہا ہے جبکہ بھٹوں کے مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز کا اندراج بھی کروایا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد اینٹی سموگ پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پرانی ٹیکنالوجی والے بھٹے چلانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹہ جات کوکام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات سمیت دیگر ضلعی افسران روزانہ کی بنیاد پر اینٹوں کے بھٹوں کو چیک کررہے ہیں اور جہاں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی ثابت ہوتی ہے وہاں بھٹہ مالکان کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ کوڑا کرکٹ اور جھاڑیوں وغیرہ کو آگ لگانے سے دھواں اور ماحولیاتی آلودگی میں یقینی اضافہ ہو سکتا ہے۔

Shares: