اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی جان میکافی نے اسپین کی جیل میں مبینہ خودکشی کر کے موت کو گلے لگا لیا-

باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کی جیل میں قید جان میکافی اپنے سیل میں مردہ پائے گئے غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا کی عدالت نے جان میکافی کو امریکا کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

علاقائی کاتالان حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے ہوش میں لانے کی کوشش کی ، لیکن جیل کی میڈیکل ٹیم نے آخر کار اس کی موت کی تصدیق کردی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "عدالتی وفد موت کی وجوہات کی تحقیقات کرنے پہنچا ہے ،” انہوں نے مزید کہا کہ "ہر چیز خودکشی سے موت کی نشاندہی کرتی ہے۔”

غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جان میکافی کو امریکا میں ٹیکس چھپانے کے الزام میں اکتوبر 2020ء میں اسپین میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جان میکافی پر 2014ء سے 2018ء تک ٹیکس ریٹرنز جمع نہ کرانے کا الزام تھا، ان پر اثاثے چھپانے کا بھی الزام تھا، انہوں نے اپنی آمدنی دوسروں کے نام پر اکاؤنٹس میں جمع کی تھی-

Shares: